شہر میں پارکنگ اور ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس

چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر ایس کے جوشی کی مئیر جی ایچ ایم سی کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے شہر حیدرآباد میں پارکنگ اور ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس تعمیر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری نے مئیر حیدرآباد بی رام موہن کے ساتھ مل کر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ پارکنگ بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔ ان مسائل کی یکسوئی کے لیے حکومت خانگی اداروں سے اشتراک کرتے ہوئے ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس تعمیرات کے تجاویز پر ماہرین ٹریفک سے مشاورت کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں مختلف محکمہ جات کے 42 مقامات پر پارکنگ کامپلکس کی تعمیرات کے لیے اراضیات کی نشاندہی کی گئی ۔ ان مقامات پر مختلف محکمہ جات نے اپنی ضرورت کے ساتھ کمرشیل اور پارکنگ مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تجاویز پیش کریں ۔ ہر پارکنگ کامپلکس کو یونیک طریقے سے ترقی دی جائے ۔ کمرشیل سرگرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تجاویز تیار کریں ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو عظیم تر شہر میں تبدیل کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر دن رات محنت کررہے ہیں ۔ کئی اجلاس طلب کرتے ہوئے ترقی کے بارے میں تجاویز پیش کرچکے ہیں ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے مختلف محکمہ جات سے تال میل اور رابطہ پیدا کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ عالمی سطح پر مختلف ممالک کی جانب سے استعمال کئے جانے والے ٹکنالوجی سے استفادہ کرنے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں تیزی سے رئیل اسٹیٹ توسیع پارہا ہے ۔ مختلف کمپنیاں ، تعلیمی ادارے ، آئی ٹی کمپنیاں قائم ہورہی ہیں ۔ شہر میں بڑے پیمانے پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 100 گز سے 500 گز تک کی اراضیات پر چین پارکنگ قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے ۔ شہر نیویارک میں پارکنگ سے کافی آمدنی ہورہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں سرکاری اراضیات پر پارکنگ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے ۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ارویند کمار نے کہا کہ شہر کی ٹریفک پر محکمہ پولیس کے ساتھ جائزہ لیا گیا ہے ۔ اراضی کی نوعیت پر خصوصی ڈئزائن تیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے محکمہ جات کو اپنی اپنی ضروریات اور سہولیات پر مشتمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ دہلی کے سروجنی نگر میں ڈی ایل ایف کی جانب سے اسمارٹ پارکنگ کامپلکس تعمیر کیا گیا ہے ۔ میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ جرمنی ، جاپان ، چین ، ساوتھ کوریا جیسے ممالک میں اعلیٰ ٹکنالوجی استعمال کرتے ہوئے پارکنگ کامپلکس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔۔