شکاگو یونیورسٹی کا طالب علم فائرنگ سے ہلاک

کراچی۔ 7؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکی شہر شکاگو کی لویولا یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی اخبار’’شکاگو ٹریبون‘‘ کے مطابق لویولا یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم مطاہر رؤف کو گولی مار کر ہلاک کیاگیا ہے۔ پاکستانی طالب علم اور اس کے بھائی پر راجرز پارک میں اس وقت دو حملہ آوروں نے حملہ کیا اور لوٹنے کی کوشش کی جب وہ پارک میں چہل قدمی کررہے تھے۔ 23سالہ مطاہر رؤف شکاگو کے ویسٹ پراٹ بلیوارڈ کے 1400 بلاک کارہائشی تھا۔ شکاگو پولیس کے ترجمان تھامس سوینی کا کہنا کہ یہ بلاک یونی ورسٹی سے کچھ ہی فاصلے پر ہے۔ کک کاؤنٹی کے طبی معائنہ کار نے طالب علم کی موت کی تصدیق کردی جس کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق دو حملہ آوروں نے پاکستانی طالب علم اور اس کے بھائی پر بندوق تان لی اور رقم نکالنے کا حکم دیا۔ مقتول نے مبینہ طور پر بندوق کو کھلونا سمجھا اوران سے الجھ پڑا۔ اس جھگڑے میں گولی چل گئی اور حملہ آور فرار ہوگئے۔ طالب علم کے سینے اور سر میں گولیا ں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، تاہم مقتول کا بھائی محفوظ رہا اوراسے کو ئی زخم نہیں آیا۔ لویولا یونیورسٹی کے عہدیداروں نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں اپنے طالب علم کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے اس المناک صورت حال پر ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں اوراس موقع پر ان کے خاندان سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ یونیورسٹی عہدیداروں کا کہنا کہ پولیس اس وقت طالب علم کے خاندان سے رابطہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مقتول کے رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔