شمالی ہند والوں پر حملوں کیلئے بی جے پی قائدین ذمہ دار

۔2002 میں اچھا کام کرنے والے عہدیداروں کو سزائیں دی گئیں۔ شکتی سنہہ گوہل کا الزام

نئی دہلی 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں شمالی ہند کے باشندوں پر حملوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ کے دوران پردیش کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی ہے اور کہا کہ اگر وہ چاہتے تو گجرات میں سینکڑوں افراد کی جانیں ضائع ہونے سے بچا سکتے تھے ۔ اس کے برخلاف حکومت نے عوام کی زندگیاں بچانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گجرات کانگریس کے سینئر لیڈر و بہار کانگریس امور کے نگران شکتی سنہہ گوہل نے کہا کہ ان کے پاس ثبوت ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گجرات کی روپانی حکومت اور بی جے پی شمالی ہند کے باشندوں پر حملوں کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ان کے پاس ویڈیوز موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کے ارکان نے شمالی ہند کے باشندوں کے خلاف نفرت پھیلائی ہے ۔ مسٹر گوہل نے کہا کہ 2002 میں ما بعد گودھرا فسادات میں جو عہدیدار اچھا کام کر رہے تھے انہیں عہدوں سے ہٹادیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھاونگر کے ڈی ایس پی راہول شرما تھے ۔ انہوں نے خود کی زندگی کی پرواہ کئے بغیر 382 بچوں کو بچالیا تھا ۔ وہ خود وہاں گئے تھے اور انہوں نے 10,000 افراد کے ہجوم کو کنٹرول کیا ۔ بچوں کو بچایا ۔ یہ ان کا جرم ہوگیا ۔ آج انہیں اپنی نوکری سے استعفی دینا پڑا ہے اور ایک وکیل کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ مسٹر گوہل نے کہا کہ مابعد گودھرا فسادات میں جس شخص نے اچھا کام کیا اسے سزائیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی حکومت اس وقت ٹھیک کام کر رہی ہوتی تو اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو یہ کہنے کی ضـرورت نہیں تھی کہ وہ اپنا راج دھرم نبھائیں۔