شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی ، امریکہ کی چین کو دھمکی

واشنگٹن ۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے بین الاقوامی سطح پر پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی جاری رکھنے پر چین کو دھمکی دی ہے۔ انھوں نے چین پر شمالی کوریا کو تیل سپلائی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چین شمالی کوریا کو تیل فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، شمالی کوریا کو تیل کی سپلائی بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، چین کی جانب سے خلاف ورزی شمالی کوریا کے مسئلے کا دوستانہ حل نہیں ہے جس سے امریکہ کا رویہ مزید سخت ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے حوالے سے ہماری مدد نہیں کرتا تو اس کے خلاف وہ تمام اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں جن کے بارے میں امریکہ پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے۔دوسری طرف چین کی جانب سے ٹرمپ کا شمالی کوریا کو تیل منتقلی کا الزام مسترد کر دیا گیا ہے۔