شمالی کوریا بین براعظمی بیلسٹک میزائل تیار کررہاہے ، واشنگٹن پوسٹ کا انکشاف

واشنگٹن۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا مائع ایندھن سے چلنے والا نیا بین براعظمی بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے ۔پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اپنی ایک فیکٹری میں مائع ایندھن سے چلنے والا ایک یا دو بین براعظمی بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے ۔ یہ وہی فیکٹری ہے جہاں امریکہ تک پہنچنے کے قابل ملک کا پہلا میزائل تیار کیاگیاتھا۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں امریکی انٹلیجنس ایجنسیوں سے منسلک نامعلوم حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے مضافات سنمڈونگ میں ایک بڑے تحقیقی مرکز کے اشارے ملے ہیں۔اس رپورٹ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ سنگاپور میں 12 جون کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی تاریخی چوٹی کانفرنس کے دوران نیوکلیئر ہتھیاروں پر بحث کے باوجود شمالی کوریا کا میزائل پروگرام جاری ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ہفتہ سینیٹ کی خارجہ امور کی ایک کمیٹی کو بتایا کہ نیوکلیئر ہتھیار ختم کرنے کے وعدہ کے باوجود شمالی کوریا نیوکلیئر ہتھیاروں کے لئے ایندھن تیار کر رہا ہے ۔قابل غور ہے کہ سربراہی اجلاس کے دوران شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ ایک تاریخی سمجھوتہ کرکے جزیرہ نما کوریا سے نیوکلیئر ہتھیار ختم کرنے کی جانب کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان امن اور خوشحالی کے عزائم کا اظہار کیا تھا۔