شمالی کشمیر میں مشتبہ جنگجوؤں کا کانگریسی لیڈر کے گھر پر حملہ

سری نگر، 26نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں اتوار کی علی الصبح مشتبہ جنگجوؤں نے کانگریس پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے رہائش گاہ کو ہیند گرینیڈ اور شدید فائرنگ کا نشانہ بنایا۔تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے اتوار کی علی الصبح بانڈی پورہ کے حاجن علاقہ میں واقع کانگریسی لیڈر امتیاز پرے کی رہائش گاہ کو نشانہ بناکر ہینڈ گرینیڈ پھینکا اور شدید فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا ‘امتیاز پرے کی رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا’۔ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ امتیاز پرے سابق ممبر اسمبلی محمد یوسف پرے عرف کوکہ پرے کے فرزند ہیں۔