شعبہ امکنہ کو کرپشن ، دلالوںسے پاک کرنے کی مساعی: مودی

نئی دہلی 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ حکومت شعبہ امکنہ کو کرپشن اور دلالوں سے پاک کرنے کے سلسلہ میں کام کررہی ہے تاکہ عوام کو اُن کے اپنے مکانات مشکلات کا سامنا کئے بغیر حاصل ہونا یقینی بن جائے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ عصری ٹیکنالوجی کا استعمال دیہی اور شہری علاقوں میں غریبوں کے لئے واجبی لاگت پر مکانات کی تیز تر تعمیر کو یقینی بنارہا ہے۔ مودی پردھان منتری آواس یوجنا کے استفادہ کنندگان سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مخاطب تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہم مکانات کے شعبہ کو درمیانی آدمیوں اور بدعنوانی کے مختلف طریقوں سے پاک کرنے کے سلسلہ میں کام کررہے ہیں کیوں کہ ہم ان کے استفادہ کنندگان کو اپنے ذاتی مکانات رکاوٹوں کے بغیر حاصل ہونا یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہاؤزنگ سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے اس سے ٹاؤنس اور دیہات میں غریبوں کے لئے واجبی لاگت پر مکانات کی بہ عجلت ممکنہ تعمیر ممکن ہورہی ہے۔ مودی نے کہاکہ حکومت کی توجہ زیادہ سے زیادہ خواتین، مختلف نوعیت سے معذور، ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتی برادری کے لوگوں کو امکنہ کی سہولت سے مستفید کرانا ہے۔اُنھوں نے کہاکہ پی ایم اے وائی ہمارے شہریوں کے وقار سے مربوط ہے۔ پی ایم اے وائی کے سبب عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی ہم ہنرمندی کے فروغ پر بھی کام کررہے ہیں تاکہ مکانات کی تیز تر، بہتر اور معیاری تعمیر یقینی ہوجائے۔ گزشتہ چار سال میں حکومت نے تمام شہریوں کے لئے مکان فراہم کرنے کا مشن شروع کر رکھا ہے۔ حکومت 2022 ء تک ہر ہندوستانی کے پاس مکان کو یقینی بنانے کی سمت کام کررہی ہے جبکہ ہندوستان آزادی کے اپنے 75 سال کا جشن منارہا ہوگا۔ پی ایم اے وائی کے تحت حکومت دیہی علاقوں میں تین کروڑ اور شہری علاقوں میں ایک کروڑ مکانات تعمیر کرنے کے منصوبے رکھتی ہے۔