ششی تھرور پر بیوی پر ظلم اور خودکشی کیلئے اُکسانے کا الزام

سنندا پشکر کی پراسرار موت پر دہلی پولیس کی چارج شیٹ
نئی دہلی 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے دہلی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے اس میں کانگریس کے لیڈر ششی تھرور کو اپنی بیوی سنندا پشکر کو خودکشی کے لئے اُکسانے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے 3000 صفحات پر مشتمل اپنی چارج شیٹ میں ششی تھرور پر اپنی بیوی کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ سنندا پشکر کی پُراسرار موت کے ضمن میں پولیس نے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دھرمیندر سنگھ کے اجلاس پر چارج شیٹ پیش کی جس پر 24 مئی کو غور کیا جائے گا۔ ششی تھرور کی حاضری کے لئے سمن جاری کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ سنندا پشکر 17 جنوری 2014 ء کو دہلی کی ایک عالیشان ہوٹل کے لکژری روم میں پُراسرار حالات میں مردہ پائی گئی تھیں۔ کانگریس قائد ششی تھرور پر ہندوستانی ضابطہ قانون کی دفعہ 498 (شوہر یا اس کے رشتہ داروں کی طرف سے کسی خاتون پر ظلم و زیادتی) اور دفعہ 306 (خودکشی کے لئے اُکسانے) کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس چارج شیٹ میں مختلف واقعات بیان کرتے ہوئے کہاکہ تھرواننتاپورم کے کانگریس رکن لوک سبھا ششی تھرور سے شادی کے اندرون تین سال، تین ماہ اور 15 دن فوت ہوگئیں۔ اس جوڑے کی شادی 22 اگسٹ 2010 ء کو ہوئی تھی اور 17 جنوری 2014 ء کی شب دہلی کی ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں۔