شتروگھن سنہا نے اپنے آبائی حلقہ میں ووٹ ڈالا

پٹنہ ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کی انتخابی مہم سے غائب رہنے والے بی جے پی کے لیڈر شتروگھن سنہا نے آج اپنا ووٹ ڈالا لیکن اس موقع پر انہوں نے اپنی پارٹی کے ریاستی قائدین پر پھر ایک مرتبہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر اپنے خلاف سازش کا الزام عائد کیا۔ شتروگھن سنہا نے دارالحکومت میں اپنی رہائش گاہ کے قریب سینٹ سیویرنس اسکول میں قائم شدہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر حق رائے دہی ادا کیا ۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے آبائی حلقہ بانکی پور کے انتخاب کیلئے اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے قومی فریضہ ادا کیا ہے۔ شتروگھن سنہا جنہوں نے اپنے سلسلہ وار ٹوئیٹس کے ذریعہ بی جے پی قائدین کو الجھن سے دوچار کردیا تھا کہا کہ وہ صرف ووٹ ڈالنے آئے ہیں اور واپس چلے جائیں گے۔ شتروگھن سنہا نے ریاستی بی جے پی قائدین کو ان کے خلاف سازش کیلئے موردالزام ٹھہرایا۔