شب برات کو ضائع نہ کرنے کا مشورہ ، عبادتوں کے ذریعہ اللہ کو راضی کرنے کی تلقین

سڑکوں ، گلیوں اور چوراہے پر وقت گذاری نہ کی جائے ، مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) شب برأت کے موقع پر نوجوانوں کو رات کے اوقات میں عبادت کے ساتھ شب بیداری کرنی چاہئے اوراس رات کو اپنے ‘ اپنے اہل و عیال کے لئے اور اپنے والدین کے لئے زندگی‘ صحت ‘ رزق میں کشادگی و برکت کی دعاء کریں ۔اللہ ربالعزت کا احسان عظیم ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں شب برأت جیسی مقدس رات ایک مرتبہ پھر عطا فرمائی ہے جس کے ذریعہ ہم اپنی بخشش کا سامان کرسکتے ہیں۔اس مقدس شب کے دوران بھی اگر ہم اپنی بخشش کروانے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو ہم ان شرابیوں ‘ کینہ پروروں اور والدین کے نافرمانوں سے زیادہ بدنصیب و بد بخت ہوں گے جن کی اس رات میں بھی بخشش نہیں ہوتی۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ نے کہا کہ اس رات میں اللہ تعالی اپنے بندوں کے لئے برے فیصلہ فرماتے ہیں اور اس دن کے متعلق نبی آخرالزماں ﷺ کا ارشاد ہے کہ 15 شعبان المعظم کو اللہ تعالی کے حضور بندوں کے حساب پیش کئے جاتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ اللہ کے رسول ﷺ سے جب 15شعبان کے روزہ کے متعلق صحابہؓ نے دریافت کیا تو اللہ کے نبی ﷺ نے کہا کہ اس دن اللہ کے سامنے حساب پیش ہوتے ہیں اور میں چاہتا ہوں کے جس وقت میرا حساب اللہ رب العزت کے آگے پیش ہو اس وقت میں روزہ کی حالت میں رہوں۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے نوجوانوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم و متبرک رات کو ضائع نہ کریں اور سڑکوں ‘ گلیوں چوراہوں پر گھومنے اور ہوٹلوں میں رات گذارنے کے بجائے اللہ کے ذکر میں مشغول رہیں مساجد کو آباد رکھیں یا گھروں میں تنہائی میں عبادت کرتے ہوئے اللہ کو راضی کریں۔انہو ںنے بتایا کہ اس شب میں اللہ تعالی سال بھر کے رزق کا انتظام کرتے ہیں اس میں برکت کیلئے دعاء کریں۔مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ نبیرۂ شیخ الاسلام نے کہا کہ شب برأت توبہ و استغفار کی رات ہے اور اس رات کی فضیلت کا ذکر قرآن میں موجود ہے اور اس رات کے دوران اللہ تعالی ہر ذی روح کے لئے انتہائی اہم فیصلے فرماتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس انتہائی مقدس رات کی اہمیت کو سمجھیں ۔ انہو ں نے آئمہ مساجد و خطباء سے اپیل کی کہ وہ بھی نوجوانوں کو اس جانب متوجہ کریں اوراس بات کی تلقین کریں کہ اس رات کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ نے کہا کہ اللہ تعالی اس رات میں بندوں کی بخشش فرماتے ہیں اور اس رات میں مقدرات کے فیصلہ ہوا کرتے ہیںاسی لئے امت مسلمہ کو دعائووں میں یہ رات گذارنی چاہئے۔ اللہ کے رسولﷺ نے اس رات میں اپنی امت کی بخشش کروائی تھی اور حکم خداوندی سے 14‘15اور16شعبان المعظم کی تہجد کیلئے جبرئیل امین نے شافع محشر کو نیند سے بیدار فرمایا تھا۔ مولانا مرتضی پاشاہ نے کہا کہ اس شب مقدس کے دوران اللہ تعالی آسمان دنیا پر جلوہ افروز ہوتے ہیں اور آواز لگاتے ہیں کہ وہ کون ہے جو مغفرت کا طلبگار ہے ! کون ہے جو رزق میں کشادگی چاہتا ہے ! کون ہے جو صحت و عمر میں برکت کا طلبگار ہے۔ اسی طرح شب برأ ت کو اللہ کی رحمت جوش میں ہوتی ہے اور یہ سلسلہ طلوع فجر تک جاری رہتا ہے۔مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری نے شب برأ ت کے سلسلہ میں خصوصی اہتمام کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اس شب کی اہمیت کو سمجھے اور اس اہم ترین شب میں سڑکوں یا ہوٹلوں کو آباد نہ کریں بلکہ اللہ کے گھروں کو آباد کرتے ہوئے اللہ کی رحمت کے حق دار بننے کی کوشش کریں ۔انہو ںنے بتایا کہ سڑکوں پر کرتب بازی اور لغویات میں اوقات ضائع کرنے کے بجائے اب تک گذاری گئی اپنی پسند کی زندگی پر توبہ و استغفار کرتے ہوئے رجوع الی اللہ ہو جائیں۔ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری نے کہا کہ اللہ کے گھروں میں عبادت کے ساتھ نوجوان علماء کے بیانات کی سماعت کریں اور ذکر و اذکار کی محافل سے اپنا تعلق جوڑیں تاکہ ان کی اصلاح ممکن ہوسکے ۔مقدس راتوں کے دوران دین سے ناواقف نوجوان نسل کی جانب سے کی جانے والی حرکتوں کے سبب راتوں کے وقت محکمہ پولیس کی جانب سے کرتب بازی اور سڑکوں پر گاڑیاں دوڑانے کے عمل کو روکنے کیلئے خصوصی بندوبست کیا جا رہاہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے اور یہ صورتحال امت مسلمہ کے لئے متنبہ کرنے والی ہے کیونکہ شب مقدس کے دوران مسلم نوجوانوں کی ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے بندوبست کیا جانا نوجوانوں کی فکر کو آشکارکرنے لگا ہے ۔