شاہ رُخ خان کا پاکستانی مداح جیل کی سزا کاٹنے کے بعد وطن واپس

پشاور ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک 22 سالہ پاکستانی نوجوان جس کے بالی ووڈ ایکٹرس شاہ رخ اور کاجول سے ملاقات کے شوق میں سرحدپار کرکے ہندوستان میں داخل ہونے کا خطرہ مول لیا تھا ، بالآخر ہندوستان کی جیل میں 22 ماہ قید رہنے کے بعد اپنے وطن واپس آگیا۔ پاکستان کے خوبصورت مناظر والے سوات ڈسٹرکٹ میں منگورا کے ساکن عبداﷲ کو ہندوستانی حکام نے 25 مئی 2017 ء کو اُس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ واگھا سرحد کے گیٹ پر فوجیوں کی ایک تقریب دیکھنے آیا تھا۔ بعد ازاں وہ سرحد پار کرکے ہندوستانی حدود میں آگیا اور بارڈر سکیورٹی فورس کو بتایا کہ وہ شاہ رخ خان اور کاجول سے ملاقات کیلئے ہندوستان آیا ہے۔ بہرحال عبداﷲ کی یہ خواہش پوری نہیں ہوئی حالانکہ اُس نے جیل حکام کے ذریعہ حکومت کو مکتوب میں شاہ رخ خان اور کاجول سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن اُس کا جواب نہیں دیا گیا ۔ اُس نے دیگر پاکستانی شہریوں سے کہاکہ وہ غیرقانونی طورپر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں اور خود بھی ایسا نہیں کرے گا ۔