شاہ اردن کی 3 روزہ سرکاری دورہ پر آمد

ایرپورٹ پر وزیراعظم نریندر مودی نے استقبال کیا

نئی دہلی ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شاہ عبداللہ دوم بن الحسین آج تین روزہ سرکاری دورہ پر نئی دہلی پہونچے ۔ ان کا گرمجوش استقبال وزیراعظم نریندر مودی نے خصوصی خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے ایرپورٹ پر کیا ۔ شاہ اردن کا دورہ مودی کے اردن اور مغربی ایشیاء کے دورہ کے تین ہفتہ بعد ہورہا ہے ۔ مودی نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ عزت مآب شاہ عبداللہ دوم کا دہلی میں استقبال کیا ۔ یہ ان سے دوبارہ ملاقات کا حیرت انگیز موقع تھا ۔ عمان میں جاریہ ماہ کے اوائیل میں مختصر وقت کیلئے میں نے توقف کیا تھا جس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوئے تھے ۔ میں جمعرات کے دن ان سے بات چیت کا منتظر رہوں گا ۔ وزیراعظم اور شاہ جمعرات کے دن تمام باہمی مسائل پر تفصیلی بات چیت کریں گے ۔