شام میں امریکی شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا: میٹس

واشنگٹن ۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر دفاع جیمس جیم میٹس کا کہنا ہے کہ داعش تنظیم کے شدت پسندوں کے خلاف لڑائی کے اختتام اور ملک کی تعمیرِ نو شروع ہونے پر انہیں توقع ہے کہ شام میں امریکی شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا ، ان میں ٹھیکے دار اور سفارت کار شامل ہیں۔اس وقت شام میں دو ہزار کے قریب امریکی فوجی داعش تنظیم کے خلاف برسرِ جنگ ہیں۔ میٹس کا یہ بیان شامی صدر بشار الاسد کو چراغ پا کر دے گا جو پہلے ہی امریکی افواج کو قابض قرار دے کر اس کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دے چکے ہیں۔اس سے قبل میٹس یہ باور کرا چکے ہیں کہ اگر داعش کے شدت پسندوں نے لڑائی کا سلسلہ جاری رکھا تو امریکی افواج شام میں رہیں گی تا کہ تنظیم پھر سے شام میں اپنی جڑیں مضبوط نہ کر سکے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میٹس نے اعلان کیا ہے کہ داعش سے واپس لے لیے جانے والے علاقوں میں سفارت کاروں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔میٹس کے مطابق ٹھیکے داروں اور سفارت کاروں کی یہ تعداد مقامی فورسز کو دیسی ساخت کے دھماکا خیز آلات ناکارہ بنانے اور شامی اراضی پر کنٹرول کی تربیت دیں گے۔