شام ، سری لنکا،فلسطین و روہنگیائی مسلمانوں پر ڈھائے جارہے ظلم و ستم کے خلاف صدائے احتجاج بلند

نئی دہلی:ملک شام ، سری لنکا ، فلسطین ، او ربرما کے مسلمانوں پر مسلسل ڈھائے جارہے ظلم و ستم کے خلاف سیلم پور میں زبردست مظاہرہ کر کے اقوام متحدہ و عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ظلم و ستم کی روک تھام کر کے امن وامان کی فضا قائم کی جائے۔جمنا پار کی دینی درسگاہ جعفرآباد کے مدرسے باب العلوم کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا گیاہے۔

یہ مظاہرہ مدرسے باب العلوم کے مہتمم مولانا محمد داؤد امینی او رمولانا جاوید صدیقی قاسمی کی قیادت میں کیا گیا۔جس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل رہے۔سیلم پور کے سابق رکن اسمبلی متین احمدنے کوجودہ حالات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان و انصاف کا دعویٰ کرنے والے طاقتور ممالک کی زمہ داری ہے کہ وہ ظلم و ستم کیخلاف ضروری کارروائی کریں۔

وہ اپنی ذمہ داریوں سے دامن نہیں بچا سکتے۔انہوں نے فوج کی جانب سے آبادی کے علاقہ میں کی جارہی بمباری پر مسلم ممالک کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیااور حکومت ہند سے مظلومین کی مدد کے لئے آگے آنے کی اپیل کی۔

مولانامحمد داؤد نے کہا کہ ایسی حالت میں دنیا کے مسلم ممالک کی خاموشی انتہائی افسوناک ہیں ۔ہندوستان کی ہمیشہ پریشان اور مظلومین کی مدد کر نے کی روایت رہی ہے۔لہذا حکومت ہند کو اس انسانی قتل عام روکنے کے لئے عالمی سطح پر آواز اٹھاتے ہوئے مظلومین کی مددکے لئے آگے آنا چاہئے۔

انھوں نے مسلمانوں سے مظلومین کے حق میں اور امن و امان قائم ہونے کے لئے دعاؤوں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔مولانا جاوید قاسمی نے کہا کہ اگر طاقتور ممالک نے ظلم و ستم کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کئے اور خاموش تماشائی بنے رہے تو دنیا میں بدامنی پھیلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔