شامی شہر رقہ پر نامعلوم افراد کا حملہ ، 16 ہلاک

بیروت ۔ 18 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم 16 شہری جن میں سے 8 بچے تھے آج شام کے شمالی شہر رقہ پر نامعلوم طیاروں کے فضائی حملے سے ہلاک ہوگئے ۔ شامی رسد گاہ برائے انسانی حقوق کے بموجب مہلوکین میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ شام کا دولت اسلامیہ گروپ کا رقہ اہم مستحکم گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی اندیشہ ہے کیونکہ 40 افراد زخمی اور لاپتہ بھی ہیں۔ برطانیہ کی انسانی حقوق کی رسد گاہ کے بموجب طیاروں کے نمونے سے بھی اُن کے مالک کا پتہ نہیں چلایا جاسکا ۔ تاہم فضائی حملے شام کی حکومت کے یا روس کی حکومت کے ہوسکتے ہیں۔ امریکہ زیرقیادت اتحادی فوج کے بھی ممکن ہیں لیکن ایک خودساختہ خبررساں ادارہ نے جس کا تعلق دولت اسلامیہ سے ہے کہا کہ یہ فضائی حملے روسی طیاروں نے کئے تھے جس سے رقہ میں 17 افراد ہلاک ہوگئے ۔ روس نے اپنی فوج کی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر روسی فوج کسی بھی وقت شام پہونچ سکتی ہے ۔