شادی مبارک اسکیم کے درخواست گذار امدادی چیکس سے محروم

ویملواڑہ۔ 23 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ نے مسلمانوں کی معاشی پسماندگی کے پیش نظر شادی مبارک اسکیم کے تحت 51,000 روپئے فراہم کررہے تھے تاہم شادی مبارک اسکیم کو چند ماہ قبل ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر کے ذریعہ رقم کی منظوری ہورہی تھی لیکن اب اسکیم کو محکمہ ریوینیو کے حوالے کرنے پر شادی مبارک اسکیم میں سے ’’مبارک‘‘ کا لفظ غائب کردیا گیا ہے اور عوام کو رقم لینے میں مشکلیں پیش آرہی ہیں اور عوام دفاتر اور سیاسی قائدین کے پاس چکر لگا رہے ہیں۔ حال ہی میں چیف منسٹر نے شادی مبارک اسکیم کی رقم کو 51,000 سے بڑھاکر 75,000 روپئے کردیئے ہیں۔ کلیانہ لکشمی پدکم کے ذریعہ ہر ماہ 10 تا 15 درخواست گذاروں کو چیکس دیئے جارہے ہیں، جبکہ شادی مبارک اسکیم کے درخواست گذار ایک سال سے اپنی رقومات سے محروم ہیں۔