سینئر رکن اسمبلی جانا ریڈی عبوری اسپیکر نامزد

ایوان اسمبلی سے 11 جون کو گورنر نرسمہن کا خطاب
حیدرآباد /6 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست اسمبلی کا پہلا اجلاس 9 تا 13 جون منعقد ہوگا۔ امکان ہے کہ اسمبلی اجلاس سے ایک دن قبل 8 جون کو ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کے جانا ریڈی، جو قائد مقننہ کانگریس منتخب ہوئے ہیں، عبوری اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے اور 9 جون کو صبح 9-30 بجے عبوری اسپیکر کا حلف لیں گے، جب کہ 11 بجے سے اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوگا، نومنتخب ارکان اسمبلی کو کے جانا ریڈی حلف دلائیں گے اور 10 جون کو اسمبلی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ باوثوق ذرائع کے بموجب حلقہ اسمبلی بھوپال پلی کے ٹی آر ایس رکن اسمبلی مدھون سدن چاری کو اسپیکر بنانے کا فیصلہ تقریباً کرچکی ہے، علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا بھی اسی دن امکان ہے، تاہم اب تک ڈپٹی اسپیکر کے نام کا علم نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت حاصل ہے، لہذا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا بلامقابلہ اتفاق رائے سے انتخاب کا قوی امکان ہے۔ ساتھ ہی اسمبلی سیشن کے دوران چیف وہپ اور گورنمنٹ وہپ کے اعلان کا بھی امکان ہے۔ اسی دوران 11 جون کو گورنر نرسمہن دونوں ایوانوں کے ارکان سے خطاب کریں گے، جب کہ 12 اور 13 جون کو گورنر کے خطبۂ اظہار تشکر پر بحث ہوگی، تاہم اس بحث کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کو مشروط بنانے کے خلاف حکومت کو گھیرنے کی منصوبہ بندی کی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے بموجب ٹی آر ایس حکومت نے بحث و تکرار کا جواب دینے کے لئے 9 جون کو بینکرس کا ایک اجلاس طلب کیا ہے، یعنی برسر اقتدار اور اپوزیشن جماعتیں اپنی اپنی تیاریوں کے ساتھ اسمبلی پہنچیں گی۔