سیلاب متاثرین سے ملاقات کے لیے چندرا بابو کو وقت نہیں

قائد اپوزیشن جگن موہن کا اظہار یگانگت و حکومت پر تنقید
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں شدید بارش و سیلاب کی صورتحال کا جائزہ صرف ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کرنے تک ہی اکتفا کیا لیکن متاثرین سے ملاقات کر کے انہیں راحت بہم پہونچانے کے لیے کسی اقدامات سے گریز کیا ۔ جگن موہن ریڈی نے ضلع گنٹور کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کر کے اظہار یگانگت کیا اور امدادی اقدامات کے لیے حکومت کی توجہ مبذول کروانے کا واضح تیقن بھی دیا ۔ دورہ کے دوران متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ شدید بارش و سیلاب سے متاثرہ مواضعات میں اگر چیف منسٹر دورہ کرتے تو عوامی مشکلات و مصائب کا انہیں کم از کم احساس تو ہوسکتا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ صرف ٹی وی پر دکھائی دینے اور اخبارات کی سرخیوں میں رہنے کے لیے ہی مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی دورہ کرنے پر اولین ترجیح دی ۔ انہوں نے ریاستی و ضلعی نظم و نسق پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تک بھی سیلاب سے متاثرہ مواضعات میں عوام کو راحت بہم پہونچانے کے لیے کوئی سرکاری عہدیدار یا کوئی ملازم نے دورہ تک نہیں کیا اور نہ ہی کوئی امداد فراہم کی گئی ۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ صرف ایک ضلع گنٹور میں ہی زائد از تین لاکھ ایکڑ اراضیات پر کاٹن کی کاشت اور تقریبا دو لاکھ ایکڑ اراضیات پر مرچ کی کاشت کی جارہی ہے ان میں تین چوتھائی حصہ ( ایکڑ اراضیات پر مشتمل کاشت ) پانی میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ جس کی وجہ سے اس کاشت کو زبردست نقصانات پیش آئے ۔ انہوں نے حکومت آندھرا پردیش کی انتہائی ناقص کارکردگی پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ سال کسانوں کو ان پٹ سبسیڈی نہیں دی ۔ بلکہ یہاں تک کہ کسانوں کے زرعی قرضہ جات معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اس وعدے سے بھی انحراف کیا ۔ علاوہ ازیں طرفہ تماشہ یہ کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کسانوں کو سونے کے زیورات رکھ کر بھی قرض فراہم نہ کرنے کی بینکوں کو ہدایت دے رہے ہیں جس کی وجہ سے کسان قرض فراہم نہ ہونے کی وجہ سے پریشان کن حالات سے دوچار ہیں ۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے خسر کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے سے گریز نہیں کیا تھا تو انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنانے والے عوام کی پیٹھ میں بھی خنجر گھونپ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی اس حالت سے نہ صرف ریاست آندھرا پردیش کے عوام کو ہی نہیں بلکہ ملک کی تمام عوام کو بھی واقف کروایا جائے گا ۔۔