سیف علی خاں کو بیٹی سارا کے فلموں میں داخلہ پر اعتراض نہیں

ممبئی۔ 24؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ فلم اداکار سیف علی خاں نے کہا کہ اگر ان کی بیٹی سارا فلموں میں کام کرنا چاہتی ہے تو انھیں کوئی اعتراض نہیں، بشرطیکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرلے۔ سیف علی خاں نے 1991ء میں ادارکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی اور انھیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے۔ 13 سال کی ازدواجی زندگی کے بعد 2004ء میں اس جوڑے نے طلاق لے لی۔ سارا کی کچھ عرصہ قبل اپنی ماں امریتا کے ساتھ ایک میگزین کے سرورق پر ایک تصویر شائع ہوئی تھی، جس کے بعد سے انھیں فلموں کی پیشکش جاری ہے۔ سارا اس وقت امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی کے کالج میں زیر تعلیم ہے۔ سیف علی خاں نے کہا کہ سارا کو ڈگری مل جانے کے بعد وہ اپنے پیشہ کا انتخاب کرنے کے لئے آزاد ہے۔ وہ دنیا میں جہاں چاہے، رہ سکتی اور کام کرسکتی ہے۔ سیف علی خاں نے کہا کہ اگر وہ اداکارہ بننا چاہتی ہے تو وہ اس کی مدد کریں گے، لیکن ان کا یہ احساس ہے کہ سارا کو اپنا وزن کچھ کم کرنا ہوگا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ پہلے سارا کو تعلیم پر توجہ دینی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ فلم اداکاروں کی زندگی ویسے نہیں ہوتی، جیسا سمجھا جاتا ہے، تاہم اس شعبہ میں داخلہ پر انھیں اعتراض نہیں، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ کالج ڈگری زیادہ اہم ہے۔