سیاسی فائدہ کیلئے کانگریس کی حکومت پر تنقید

حیدرآباد۔/8 جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کیلئے سنہرا دور ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے کہا کہ بی سی طبقات کیلئے صد فیصد سبسیڈی کے ساتھ قرض کی فراہمی کا تاریخی فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے تحت بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے غریب افراد اپنے کاروبار شروع کرتے ہوئے خودمکتفی ہوجائیں گے۔ کے سی آر کو موجودہ وقت کا جوتی راؤ پھولے قرار دیتے ہوئے سرینواس گوڑ نے کہا کہ کمزور طبقات کیلئے کے سی آر کسی مسیحا سے کم نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ہمیشہ سیاسی فائدہ کی فکر لاحق رہی ہے۔ کانگریس کا مطلب ووٹ اور نوٹ ہے اور اس نے اپنے دور حکومت میں پسماندہ طبقات کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں قائدین صرف اپنے مفادات کی تکمیل تک مصروف دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 70 سال بعد سے بی سی طبقات کیلئے 19 اقامتی اسکول تلنگانہ میں قائم کئے گئے جبکہ صرف 4 برسوں میں کے سی آر حکومت نے 120 اقامتی اسکول قائم کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے جہاں طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ پسماندہ طبقات کے طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے فی کس 20 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔