سپریم کورٹ کا یوپی سرکار کو ہاپوڑ ہجومی تشدد معاملہ میں نوٹس ، تحقیقات کا حکم 

نئی دہلی : یوپی کے ہاپوڑ میں ہوئے ہجومی تشدد معاملہ میں داخل عرضی پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے میرٹھ کے آئی جی کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کر کے دو ہفتوں میں سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرے ۔قابل ذکر ہے کہ ہاپوڑ میں ہجومی تشدد معاملہ میں ایک شخص کو پیٹ پیٹ کرہلاک کردیا گیا تھا ۔ او راس کے بچانے کیلئے آنے والا شخص بری طرح زخمی ہوگیا اوروہ دواخانہ میں زیر علاج ہے ۔ زخمی شخص نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے اس معاملہ میں جلد سماعت کرنے کی اپیل کی ۔

سپریم کورٹ نے چیف جسٹس دیپک مشرا کی قیادت والی بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کی او ریوپی سرکار کونوٹس جاری کر کے رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ میں داخل عرضی میں زخمی شخص نے کہا کہ بھیڑ نے انہیں نشانہ بنایا جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگئے ہیں ۔ عرضی میں ان کی حفاظت کے ساتھ اس واقعہ کی ایس آئی ٹی جانچ کی بھی مانگ کی ۔

عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ اس معاملہ کی سماعت اترپردیش ریاست کے باہر ہونی چاہئے ۔دریں اثناء عدالت عظمیٰ نے اتر پردیش میں میرٹھ زون کے پولیس انسپکٹر جنرل( آئی جی ) کو ہاپوڑ میں ہونے والے مبینہ ہجومی تشدد معاملہ کی جانچ کا حکم دیا ۔ عدالت عظمیٰ نے میرٹھ آئی جی کو اندرون دو ہفتوں میں مکمل رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا ۔ کیس کی اگلی سماعت ۲۸؍ اگست کو مقرر کی گئی ۔