سٹیلائیٹ سگنل قزاقی چار گرفتار

جادو سیٹ اپ باکس کی فروخت ‘ امریکہ اور 15 ممالک میں کاروبار
حیدرآباد ۔ 29 ؍ جون ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس نے سیٹلائیٹ سگنل کی قزاقی کے ذریعہ غیر قانونی طور پر ہندوستان کے علاوہ دیگر بیرونی ممالک میں سیٹ اپ باکس فروخت کرنے کے الزام میں چار دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی نے پریس کانفرنس کے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 27 سالہ میر کاشف علی خان انجنیئر پرل ٹیکنالوجیز حیدرآباد اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے غیر قانونی طور پر سیٹلائیٹ سگنل کی قزاقی کرتے ہوئے تقریباً 115 ٹی وی چینلس کے سگنلس کو انٹرنیٹ سگنلس میں تبدیل کرتے ہوئے جادو ٹی وی کے نام پر سیٹ اپ باکس فروخت کر رہے تھے ۔ مذکورہ دھوکہ باز بڑی چالاکی سے سگنلس کو انٹرنیٹ کے ذریعہ اسٹریم کر رہے تھے جس کے نتیجہ میں کمرشیل ٹی وی چینلس کو بھاری نقصان ہو رہا تھا ۔ پرل ٹیکنالوجیز کا چیف ایگزیکیٹیو سومیت اہوجا ٹی وی چینلس کے جادو ٹی وی سیٹ اپ باکس کو امریکہ میں مقیم فیصل آفتاب اور ساجد سہیل جو امریکہ میں جادو ٹی وی کمپنی چلا رہے ہیں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے غیر قانونی سگنلس کی قزاقی کر رہے تھے ۔ سومیت اہوجا پولیس کی چنگل سے ہنوز باہر ہے لیکن پولیس نے اس کے دو بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا ۔ مسٹر مہندرریڈی نے بتایا کہ جاود ٹی وی سیٹ اپ باکس امریکہ کے علاوہ سنگاپور ‘آسٹریلیا کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں دستیاب ہے اور فی باکس 200 تا 300 ڈالر میں فروخت کیا جا رہا تھا ۔ جادو ٹی وی باکسیس چین سے لیکر کے اسے انٹرنیٹ سگنل کے ذریعہ فروخت کر رہے تھے ۔ ہندوستان میں بھی بنگلور اور دیگر شہروں میں مذکورہ باکسیس فروخت کئے جا رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جگدیشور چاری ‘ این سائی کمار اور جی میگھانندن جو پرل ٹیکنالوجیز سے وابستہ ہیں کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے سٹیلائیٹ سگنل قزاقی کو بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر ماجد علی خان اور ان کی ٹیم کی ستائش کی ہے ۔