سوشل میڈیا پر وائرل دھمکی کے پیش نظر عبادت گاہ کے اطراف میں پولیس تعینات

سہارنپور : جامع مسجد کلاں سہارنپور انتظامیہ کی جانب سے دی گئی اطلاع محکمہ خفیہ کی رپورٹ اورسوشل میڈیا پر وائرل ہوئی دھمکی کے پیش نظر آج صبح سے ہی مسجد کے اطراف میں پولیس او رپی اے سی احتیاط کے طور پر تعینات رہی ہے ۔

واضح رہے کہ تبلیغی مرکز نظام الدین سے شروع ہوا دو گروپ کا جھگڑا مختلف جگہوں سے ہوتا ہوا سہارنپور پہنچ گیا ہے ۔گزشتہ دنوں ایک گروپ نے دھمکی دی تھی کہ جامع مسجد کلاں سہارنپور میں ہر ہفتہ ہونے والا اجتماع آنے والی جمعرات کومولانا سعد گروپ کے لوگوں کو نہیں کرنے دیا جائے گا ۔سوشل میڈیا پر دھمکی وائرل ہونے کے بعد مسجد انتظامیہ حرکت میں آئی او راس نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جمعرات کو برسہا برس سے تبلیغی اجتماع ہوتا آرہا ہے ۔

اگر کوئی شخص بھی مسجد میں آکر ہنگامہ آرائی کرتا ہے تو اس کے خلاف پولیس کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور کسی کو مسجد میں ہنگامہ یا جھگڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

انتظامیہ مسجد کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کا تبلیغی جماعت میں چل رہی مبینہ گروپ بازی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔تشویشناک حالات کودیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو اس کی جان کاری دیتے ہوئے اس وائرل ویڈیو جائزہ لیا جائے ۔