سنگاریڈی میں سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی

کانگریس اور تلگودیشم پارٹیوں کو زبردست نقصان
سنگاریڈی۔/31اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں کانگریس پارٹی اور تلگودیشم پارٹی کے بیشتر قائدین نے ٹی آر ایس اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی جس کے باعث ان دونوں سیاسی جماعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی جو سابقہ کانگریس حکومت میں گورنمنٹ وہپ بھی رہ چکے ہیں انہوں نے کانگریس پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے حامیوں کے ہمراہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی جئے پرکاش ریڈی تقریباً12سال ٹی آر ایس اور کانگریس پارٹی میں گزارنے کے بعد واپس دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کا بی جے پی سے اتحاد پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کئی ایک قائدین نے تلگودیشم سے مستعفی ہوکر کانگریس اور ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس طرح کانگریس اور تلگودیشم دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے ایک سرکردہ قائد نے کانگریس میں شمولیت اور حلقہ سنگاریڈی میں کانگریس کو مستحکم کرنے سے اتفاق کرنے کی اطلاعات ہیں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب سال 2009میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے فلمسٹار چرنجیوی کی سیاسی جماعت پرجا راجیم پارٹی سے مقابلہ کرنے والے ایم اے فہیم جو اب تلگودیشم پارٹی میں ہیں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا من بنالیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم اے فہیم کی ضلع کانگریس، پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اہم قائدین سے بات چیت ہوئی ہے اور کانگریس نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کیلئے مدعو کیا ہے۔ اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو 3یا 4ستمبر کو ایم اے فہیم کانگریس پارٹی میں اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ واضح ہو کہ سال 2009کے انتخابات میں حلقہ سنگاریڈی سے ایم اے فہیم نے 21116 ووٹ حاصل کئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم اے فہیم حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے تین منڈلوں سنگاریڈی، کونڈا پور اور سدا سیو پیٹ کے علاوہ بلدیات سنگاریڈی و سدا سیو پیٹ میں اپنے حامیوں اور بہی خواہوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت کے مسئلہ پر مشورہ حاصل کررہے ہیں۔ ان کے حامیوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت کی تجویز سے اتفاق کیا تاہم کانگریس پارٹی ہائی کمان سے مستقبل میں انہیں پارٹی کی جانب سے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ حاصل کرنے پر اصرار کررہے ہیں۔ جبکہ ایم اے فہیم نے آئندہ چار سال میں اپنی محنت اور کارکردگی کے ذریعہ دعویداری کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ ایم اے فہیم اگر کانگریس پارٹی میں شامل ہوتے ہیں تو کانگریس پارٹی کیلئے یہ ایک خوشخبری ہی ہوگی اور میدک پارلیمنٹ حلقہ کے ضمنی انتخابات میں بھی شائد اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔