’’سماجی ذرائع ابلاغ لعنت نہیں ‘‘ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی

کولکتہ ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سمرتی ایرانی نے آج کہا کہ سماجی ذرائع ابلاغ ایک لعنت نہیں ہیں کیونکہ ان سے لوگوں کو کئی غلط کاموں کو درست کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ سمرتی ایرانی ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ذرائع ابلاغ میں بعض اوقات جعلی خبریں بھی آجاتی ہیں ۔ اخبارات کی صورت میں پریس کونسل آف انڈیا ایسے واقعات سے نمٹتی ہے اگر کونسل کو کسی اخبار میں غلط خبر کی اشاعت کاپتہ چلتا ہے تو وہ اس اخبار کو اشتہارات بند کردیتی ہے ۔ ٹی وی اور ریڈیو چیانلوں پر بھی یہی قانون نافذ ہوتا ہے ۔ ٹیکس دہندوں کا پیسہ ، جھوٹی خبریں پھیلانے کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئیے ۔ سمرتی ایرانی کے پاس اطلاعات و نشریات کے علاوہ پارچہ بافی کا اضافی قلمدان بھی ہے ۔ چنانچہ وہ بافندوں کی تقریبات میں بھی شرکت کرتی ہیں ۔