سعودی وزیر داخلہ کا حج میں شریک سکیورٹی فورسز کی تیاری کا معائنہ

۔ 14 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے رواں سال حج کے انتظامات میں شریک سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ مکہ مکرمہ میں اسپیشل ایمرجنسی فورسز کے مرکز پہنچے تو ان کا استقبال مکہ مکرمہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ اعلی عہدیداران نے کیا۔اس موقع پر حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ فرسٹ جنرل سعید القحطانی نے ایک بیان میں بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات مقدسہ کے ساتھ حج سے متعلقہ علاقوں تک آنے والے تمام راستوں میں اپنی ذمّے داریوں کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خادم حرمین کی سرپرستی میں مملکت کی قیادت اللہ کے مہمانوں کیلئے راحت کا سامان مہیا کرنے کے سلسلے میں بھرپور توجہ کا اہتمام کر رہی ہے اور حجاج کرام کی حفاظت اور سلامتی کے واسطے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے لیے کوشاں ہے۔