سعودی عرب : 13,59,345 تارکین گرفتار

ریاض۔8جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت اب تک 13لاکھ59ہزار345تارکین گرفتار ہوئے ہیں۔ ان میں سے 10لاکھ17ہزار427 تارکین اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے، 2لاکھ 33ہزار125تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے جبکہ ایک لاکھ8ہزار 793تارکین سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔مشترکہ فوج نے کہا ہے کہ یہ اعداد وشمار26صفر1439سے جمعرات21شوال 1439تک کے ہیں۔ غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت مملکت کے مختلف علاقوں میں تفتیشی کارروائی جاری ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مہم کے دوران اب تک 21ہزار 112افراد کو غیر قانونی طور پر دراندازی کرتے ہوئے پکڑا ہے۔ان میں سے 52فیصد کا تعلق یمن سے تھا، 45فیصد ایتھوپین تھے جبکہ 3فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے تھے۔ اسی طرح882افراد گرفتار ہوئے ہیں جو غیر قانونی طور پر مملکت سے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے یا انہیں مختلف سہولتیں فراہم کرنے کے الزام میں اب تک 2254افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ ان میں سے 446سعودی شہری ہیں۔ غیر قانونی تارکین کو مختلف سہولتیں فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار شدگان میں سے 419افراد کے ساتھ قانونی کارروائی کرنے کے بعد رہا کردیا گیا جبکہ 27سعودی شہری ابھی تک قید میں ہیں۔