سعودی عرب میں پانچ یمنی شہریوں

کو قتل کے جرم میں سزائے موت ریاض ۔ 21 مئی (اے ایف پی) سعودی عرب میں پانچ یمنی شہریوں کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے اور ملک کے کئی شہروں میں گروہ بنا کر ڈکیتیاں کرنے کے الزام میں سزائے موت دیدی گئی۔ وزارت داخلہ کے بموجب پانچوں مجرموں کو جنوب مغربی قصبہ جیزان میں سزائے موت دے دی گئی۔ خبر رساں ادارہ ایس پی اے کے بموجب جاریہ سال سزائے موت پانے والوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

ایران کیلئے جاسوسی ،سعودی عرب میں 10 گرفتار
جدہ ۔ 21 مئی (اے پی) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہیکہ ایران کیلئے جاسوسی کرنے والے مزید 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الالخباریہ نے وزارت داخلہ کے حوالہ سے کہا ہیکہ مارچ میں بے نقاب جاسوس ٹولہ سے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد ان افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ جن میں 8 سعودی شہریوں کے علاوہ ایک ترک اور ایک لبنانی شامل ہے۔ مارچ میں میجر جنرل منصور الترکی نے کہا تھا کہ ایران کے لئے جاسوسی کرنے والے 18 افراد گرفتار کئے گئے ہیں جن میں 16 سعودی، ایک لبنانی اور ایک ایرانی شہری شامل تھے۔

نائجیریا کے فوجیوں کی شورش پسندوں سے جھڑپ ابوجا۔ 21 مئی(پی ٹی آئی) نائجیریا کی فوج نے کہا کہ انہیں شورش پسندوں کے خلاف اپنی جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بنیاد پرست گروپ بوکوحرام کے 100 سے زیادہ ارکان کو گرفتار کرلیا ہے اور باقی کو اس علاقہ سے فرار ہونے پر مجبور کردیا ہے۔ بوکوحرام کے خلاف تیز رفتار جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے فوج نے 100 سے زیادہ ارکان کو گرفتار کرلیا جبکہ صدر گڈلک جوناتھن نے ملک میں ہنگامی حالات ناقص کرنے کا اعلان کیا تھا کیونکہ ملک کی تین شمالی ریاستوں میں شورش پسندی عر وج پر آگئی تھی۔