سری لنکا کے سابقہ جنگ زدہ علاقہ جافنا میں ٹرین سرویس بحال

کولمبو ، 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے اپنے سابقہ جنگ زدہ علاقوں کیلئے ریل سرویس بحا ل کر دی ہے۔ صدر مہندا راجا پکسے نے آج تقریباً پچیس برس بعد جافنا کیلئے ریل سرویس کا افتتاح کیا، جو طویل عرصے تک خانہ جنگی کے نرغے میں رہا ہے۔ صدر راجا پکسے جزیرہ نما جافنا کے جنوبی علاقہ پالائی سے ایک خصوصی ٹرین میں سوار ہوئے جو سری لنکا کی ٹامل نسلی اقلیت کے ثقافتی دارالحکومت پہنچی۔ اس دوران یہ ٹرین تین ریلوے اسٹیشنوں پر رکی جن کی تعمیر نو کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی 250 کلومیٹر طویل پٹری بھی از سر نو بنائی گئی ہے۔ خبر رساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق ٹامل باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں اس خطے کا پورا ریلوے نیٹ ورک تباہ ہو گیا تھا۔ سری لنکا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کمارا ویلگاما کے مطابق یہ ٹرین سرویس کی بحالی اس بات کی مظہر ہے کہ دہائیوں کی جنگ کے بعد جافنا تیز تر ترقی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ جافنا سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے شمال میں 400 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ وہاں کیلئے ٹرین سرویس جون 1990ء میں حکومتی فورسز اور علیحدگی پسند ٹامل ٹائیگر باغیوں کے درمیان فائر بندی کی ناکامی پر رْک گئی تھی۔ باغیوں نے جافنا پر پانچ برس حکومت کی۔ وہ اسے اپنی علیحدہ مملکت قرار دیتے تھے۔ تاہم 1995ء میں حکومتی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے نتیجے میں انہیں وہاں سے نکال باہر کیا۔ پھر بھی اس کے شمالی علاقے میں لڑائی جاری رہی جس کی وجہ سے ٹرین سرویس بحال نہیں ہو سکی تھی۔ باغیوں نے پٹریاں اکھاڑ دیں تھیں جبکہ وہ بوگیوں کو بنکر بنا کر استعمال کرنے لگے تھے۔ بالآخر سری لنکائی حکومت مئی 2009ء میں اس بغاوت کو کچلنے میں کامیاب ہو گئی۔ حکومتی فورسز نے ٹامل باغیوں کو شکست دے کر طویل نسلی جنگ کو ختم کر دیا تھا۔