سرکاری ملازمین کے مطالبات پر 16 مئی کو قطعی فیصلہ

کابینی سب کمیٹی کی رپورٹ پیش،چیف منسٹر کا بیان

حیدرآباد /11 مئی ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ سرکاری ملازمین اساتذہ اور دیگر سے متعلق مسائل پر قطعی فیصلہ اسٹاف اسوسی ایشنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ہی کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینی سب کمیٹی نے سرکاری ملازمین اسوسی ایشنوں اور ٹیچرس اسوسی ایشنس کے ساتھ مشاورت کے بعد اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ کے سی آر نے وزیر فینانس ای راجندر سے کہا کہ وہ ملازمین کی اسوسی ایشنس کے ساتھ بات چیت کریں ۔ ای راجندر کابینہ سب کمیٹی کی قیادت کر رہے ہیں ۔ چیف منسٹر 16 مئی کو سب کمیٹی کے ارکان اور عہدیداروں کے علاوہ ملازمین کی اسوسی ایشنس کے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ 3 تا 4 بجے سہ پہر اس اجلاس کے بعد چیف منسٹر ان کے مسائل پر حکومت کے فیصلوں کا اعلان کریں گے ۔ ملازمین کے مسائل میں تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ دیگر بہبودی اقدامات کے مطالبات شامل ہیں ۔