سرکاری اراضیات کے ہراج کا فیصلہ

حکومت کی اجازت ۔ پہلے مرحلہ میں 17 نومبر کو ہراج کا امکان
حیدرآباد 31 اکٹوبر ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے بعض سرکاری اراضیات کے پہلے مرحلہ میں ہراج کا فیصلہ کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ 17 نومبر کو پہلے مرحلہ کے تحت نشاندہی کردہ سرکاری اراضیات کا ہراج کرنے احکامات جاری کئے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے شیخ پیٹ منڈل حدود میں دس مقامات پر واقع زائد از 3.25 ایکڑ سرکاری اراضیات کو ہراج کرنے کی حکومت نے باقاعدہ طور پر اجازت دے دی ہے اور پہلے مرحلہ میںغیر متنازعہ اراضیات کو ہی شامل رکھا گیا ہے تاکہ کوئی تنازعہ پیدا ہونے کی صورت میں ہراج ناکام نہ ہونے پائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مارکٹ کی قیمت کے مطابق قیمت کا تعین کیا گیا اور اس تعین کردہ قیمت کی روشنی میں نندی نگر مقام پر فی گز اراضی کی قیمت ایک لاکھ روپئے بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز علاقوں میں پائی جانے والی مختلف اراضیات کی فی گز قیمت 75 تا 80 ہزار روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ ہراج کو شفاف بنانے اقدامات کئے گئے ہیں اور ٹی ایس آئی آئی سی کے ذریعہ ان اراضیات کا ہراج کروایا جائیگا ۔ بتایا جاتا ہیکہ ہراج حصہ لینے والے افراد کے موڈ پر اراضی کا ہراج و قیمت کا انحصار ہوسکے گا۔