سارک قائدین کو مودی کے دعوت نامے ٹھوس اشارہ : امریکہ

واشنگٹن ، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نامزد وزیراعظم نریندر مودی کے جنوب ایشیائی ممالک بشمول پاکستان کے قائدین کو دوشنبہ کی اپنی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے ارسال کردہ دعوت نامے ٹھوس اور مثبت اشارہ دیتے ہیں، ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار نے یہ بات کہی۔ نائب وزیر خارجہ برائے جنوب اور وسطی ایشیا نشا دیسائی بسوال نے کہا، ’’میرا بلاشبہ یہ خیال ہے کہ علاقائی قائدین کو (حلف برداری تقریب) میں مدعو کرنا ٹھوس اور مثبت پیام ہے۔

اس کے کہیں آگے میرا یہی سوچنا ہے کہ یہ ہندوستان اور اس کے پڑوسیوں پر منحصر ہے کہ کوئی قدم اٹھائیں اور اس پر ردعمل ظاہر کریں‘‘۔ انھوں نے مزید کہا، ’’میں یقینا یہی سوچتی ہوں کہ نامزد وزیراعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس قسم کی حلف برداری (چاہتے ہیں) اس کا فیصلہ اور عزم کریں‘‘۔ نشا نے ایک میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں ہندوستانی صحافیوں کے منتخب گروپ کو بتایا کہ اوباما نظم ونسق نئی ہندوستانی حکومت کو ضروری ’’وقت اور گنجائش‘‘ دیں گے کہ اپنا لائحہ عمل طئے کرے اور پھر اسی اساس پر نئی دہلی کے ساتھ رابطہ اختیار کرے گا۔ نشا نے کہا، ’’ہم کافی پرجوش ہیں کہ ہندوستانی الیکشن سے نہایت مضبوط خط اعتماد برآمد ہوا ہے۔ ہم نامزد وزیراعظم اور اُن کی ٹیم کے ساتھ نہایت قریبی تعاون سے کام کرنے کے منتظر ہیں کہ ہم اس سارے خطہ کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے مشترک ایجنڈہ دیکھتے ہیں اور ہمارے خیال میں اس رشتے کیلئے غیرمعمولی گنجائش ہے، جو گزشتہ برسوں میں کافی پھلا پھولا ہے۔