سابق پولیس کمشنر دہلی بی ایس بسی ،یو پی ایس سی کے رکن نامزد

نئی دہلی۔/31مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے سابق پولیس کمشنر مسٹر بی ایس بسی کو آج یو پی ایس سی رکن کی حیثیت سے دستوری عہدہ پر5سالہ میعاد کیلئے تقرر کیا گیا۔ انہوں نے پولیس کمشنر کی حیثیت سے دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کے ساتھ تصادم کی راہ اختیار کی تھی۔ حتیٰ کہ چیف منسٹر ارویند کجریوال کو خاطر میں نہیں لائے تھے۔ حکومت نے 60سالہ بسی (Bassi) کو رکن یونین پبلک سرویس کمیشن کی حیثیت سے نام کی منظوری دے دی جو کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس آفیسرس اور دیگر کے انتخاب کیلئے سیول سرویس امتحانات منعقد کرتا ہے۔ اس کمیشن کے 10ارکان اور ایک صدر نشین ہوتا ہے – 1977 کے ارونا چل پردیش ۔ گوا۔ میزورم اور مرکزی زیر انتظام علاقہ کیڈر کے آئی پی ایس آفیسر ہیں اور 60سال کی تکمیل سے جاریہ سال فبروری میں پولیس کمشنر دہلی کی حیثیت سے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ہیں۔ جواہر لعل یونیورسٹی میں قوم دشمن نعرے کے واقعہ میں صدر اسٹوڈنٹس یونین کنہیا کمار کی گرفتاری پر بھی مسٹر بسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر بسی وزیر اعظم کے نور نظر ہیں جس کے باعث انہیں یو پی ایس سی میں شامل کیا گیا ہے۔