سابق وزیر قانون دہلی کے خلاف کارروائی کی دہلی پولیس کو قومی انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت

نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)قومی انسانی حقوق کمیشن نے دہلی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ریاستی وزیر قانون سومناتھ بھارتی اور ان کے حامیوں کے جنوبی دہلی کے علاقہ کھڑکی میں آدھی رات کو دھاوے کی قیادت کرنے کے سلسلہ میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ یہ دھاوا مبینہ طور پر منشیات اور عصمت فروشی کے ریاکٹ کے سلسلہ میں کیا گیا تھا جس میں یوگنڈا کی ایک خاتون ملوث تھی۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جو سماجی کارکن شہزاد پونم والا نے پیش کی تھی قومی انسانی حقوق کمیشن نے دہلی پولیس کمشنر بی ایس باسی کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن متعلقہ عہدیدار کو ہدایت دیتا ہے کہ اندرون 8 ہفتہ مناسب کارروائی کی جائے اور کارروائی کے بارے میں شکایت کنندہ کو اطلاع دی جائے ۔ پونم والا نے 17 جنوری کو کمیشن میں درخواست پیش کرتے ہوئے اس سلسلہ میں کارروائی کی درخواست کی تھی۔ 15 جنوری کو ریاستی وزیر قانون بھارتی نے آدھی رات کے وقت مالویہ نگر میں ایک مکان پر دھاوے کی قیادت کی تھی۔