سابق وزیراعظم اسرائیل شمعون پیریز چل بسے

تل ابیب ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈا ٹ کام) اسرائیل کے سابق صدر اور دو مرتبہ کے وزیراعظم جنہیں ایک صدی قدیم اسرائیل ۔ فلسطین خانہ جنگی ختم کرنے کی کوشش کیلئے نوبل انعام دیا گیا تھا ، آج چل بسے ۔ ان کے دماغ پر زبردست حملہ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ دو ہفتہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلاء تھے۔ 93 سالہ شمعون پیرس کے اعضائے رئیسہ کل سے غیرکارکرد ہوگئے تھے۔ دماغ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تھا جو 13 ستمبر کے دماغ پر حملہ کا نتیجہ تھا۔ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی عوام کیلئے وقف کردی تھی۔ موجودہ وزیراعظم نتن یاہو نے ان کی وفات پر ان احساسات کا اظہار کیا۔

 

اسرائیل کے سابق صدر کی وفات پر صدر جمہوریہ کی تعزیت
نئی دہلی ،28 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے اسرائیل کے سابق صدر شمعون پیریز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے اسرائیل کے صدر ریوون ریولن کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مملکت اسرائیل کے سابق صدر شمعون پیریز کے انتقال کی خبر سے مجھے شدید صدمہ پہنچا ہے ۔ براہ کرم میری دلی تعزیت کو قبول فرمائیں ۔ ان کے انتقال سے اسرائیل نے ایک ایسا سیاست داں کھو دیا ہے جس نے اپنے ملک اور پورے خطے کے لئے قیام امن کی جرأت مندانہ کوششیں کیں ۔ ان کے کام کیلئے پوری دنیا نے انہیں سراہا اور انہیں نوبل انعام سے نوازا گیا جو اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ وہ کن اقدار کے محافظ تھے ۔ پیریز وہ صاحب بصیرت شخصیت تھے جو علم ، اختراع اور ٹیکنالوجی کی قوت میں پورا یقین رکھتے تھے ۔ ہم ہندستانی پیریز کو اپنے ملک کا ایک بے باک دوست سمجھتے ہیں جنہوں نے ہند۔ اسرائیل باہمی شراکت داری کو مستحکم بنانے میں پائیدار تعاون دیا اور اس تعاون کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔ اکتوبر 2015 میں جب میں اسرائیل کے دورے پر گیا تھا ، ان کے ساتھ ہوئی آخری ملاقات کی یادیں اب بھی میرے ذہن میں تازہ ہیں ۔