زخمی ہونے کا بہانہ،ساتھیوں کھلاڑیوں کو افطار کا موقع

تیونس سٹی۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) فیفا ورلڈ کپ سے قبل دوستانہ میچز کے دوران تیونس کے گول کیپر معیز حسین زخمی ہونے کا بہانہ بناکر اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو افطاری کا موقع فراہم کرتے رہے۔گزشتہ ہفتے کے دونوں دوستانہ میچز کے دوران ہی افطار کا وقت تھا اس لئے ٹیم نے ایک منصوبہ بنایا جس کے تحت پرتگال سے میچ کے دوران 58 ویں منٹ میں جب حریف ٹیم کو 2-1 کی برتری حاصل تھی معیز نے اچانک خود کو زخمی کرلیا، جب میڈیکل عملہ ان کی جانب جارہا تھا تو باقی ٹیم سائیڈ لائن پر چلی گئی جہاں پہلے سے ہی کھجوریں اور پانی موجود تھا، وہ گول کیپر کے اٹھنے تک روزہ افطار کرچکے تھے، یہی سب کچھ ہفتے کو ترکی کے خلاف میچ میں بھی ہوا۔تیونس کو ورلڈ کپ میں ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ ان کے پہلے گروپ میچ سے قبل ہی ماہ رمضان ختم ہوجائے گا۔