ریونت ریڈی کی عدالتی تحویل میں 13جولائی تک توسیع

حیدرآباد۔29جون ( این ایس ایس ) محکمہ انسداد رشوت رستانی ( اے سی بی ) کے مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے ووٹ کے بدلے نوٹ اسکام کے ضمن میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی اور دیگر دو ملزمین کی عدالتی تحویل میں 13جولائی تک توسیع کی ہے ۔ ایم ایل سی کے حالیہ انتخابات میں تلگودیشم کے امیدوار نریندر ریڈی کے حق میں ووٹ دینے کیلئے نامزد رکن اسمبلی ایلوس اسٹیفنسن کومبینہ طور پر نقد رقم کی پیشکشی پر ایک اسٹینگ آپریشن میں ریونت ریڈی اور ان کے دو ساتھیوں ادئے سمہا اور ایک عیسائی پادری سباسٹیئن کواے سی بی نے 31 مئی کو گرفتار کیا تھا ۔ ان ملزمین کی عدالت تحویل کی مدت آج ختم ہوگئی تھی ۔ تاہم اے سی بی کے استغاثہ نے کہا کہ اسکام کی تحقیقات اہم مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں جس کے پیش نظر ملزمین کی جانب پر رہائی سے تحقیقات کا عمل متاثر ہوسکتا ہے ۔