ریاض میں ہندوستان کا 72 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

سفیر احمد جاوید کا خطاب

ریاض ۔ (کے این واصف) ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کا 72 واں یوم آزادی ریاض میں پورے جوش و خروش سے منایا گیا۔ سفیرہند احمد جاوید نے ہندوستانی سفارتخانہ میں السفارات پر قومی ترنگا لہرا کر تقریب کا افتتاح کیا۔ آج چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود ہندوستانی مرد و خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد ہندوستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں منعقد اس قومی تقریب میں شریک تھی جہاں ایک تہوار کا سماں تھا۔ ابتداء میں فرسٹ سکریٹری سفارتخانہ ہند ڈاکٹر حفظ الرحمن نے حاضرین کا خیرمقدم کیا اور آج کے پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد سفیر ہند احمد جاوید نے سفارتخانہ کے آڈیٹوریم میں کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال سفارتخانہ کی جانب سے دو بڑے اور کامیاب پروگرامس منعقد کئے گئے۔ پہلا پروگرام ریاض کے سالانہ ثقافتی میلے ’’جنادریہ‘‘ میں ہندوستان کے پویلین کی شاندار مقبولیت اور دوسرا بین الاقوامی ’’یوگا ڈے‘‘ کے موقع پر پیش کیا گیا۔ یوگا ڈیمانسٹریشن پروگرام جس میں ہندوستانیوں کے علاوہ سعودی مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے نہ صرف شرکت کی بلکہ یوگا ورزش میں حصہ لیا۔ احمد جاوید نے یہ بھی کہا کہ ایمبیسی نے مہاتما گاندھی صدسالہ تقاریب کے سلسلہ میں ایک آن لائن کوئز پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جس پر عوام کا بڑا مثبت ردعمل رہا اور کثیر تعداد نے اس کوئز پروگرام میں حصہ لیا۔