رکشا راں کا فرزند شیخ شاہجہاں حسین نیٹ کا ٹاپر

اوڈیشہ کے کسی بھی سرکاری میڈیکل کالج میں داخلہ کے اہل
کیندر پاڑہ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) غربت کے باوجود تعلیم کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں میں ایک اور نوجوان نے اپنا نام درج کروایا ہے۔ اڈیشہ کے ایک رکشاں راں کے فرزند نے نیٹ میں ٹاپ کیا ہے اور وہ میڈیکل کالجس میں داخلہ کے اہل ہوگئے ہیں۔ 24 سالہ شیخ شاہجہاں حسین جن کے والد اپنے خاندان کی گذر بسر کے لئے رکشا چلاتے ہیں، ریاست اوڈیشہ میں کسی بھی سرکاری میڈیکل کالج میں داخلہ کیلئے نیٹ کو کامیاب کیا اور وہ اہل بن گئے ہیں۔ شاہجہاں کے والد شیخ ابو طالب نے کہا کہ شاہجہاں میرے تین فرزندوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ کیندر پاڑہ میں میری سائیکل رپیرکی دوکان تھی، لیکن 1999ء کے طوفان میں دوکان کو نقصان پہونچا۔ دوسرا کوئی راستہ نہیں تھا، اس لئے میں نے رکشا چلاکر روزی حاصل کرنی شروع کی۔ نیٹ کامیاب کرنے والے طالب علم شاہجہاں نے کہا کہ میں اسکول اور کالج میرا تعلیمی ریکارڈ شاندار نہیں تھا۔ میں نے کیندر پاڑہ گورنمنٹ ہائی اسکول سے میٹرک کیا اور فزکس آنرس فرسٹ کلاس کامیاب کیا۔ میں نے دو سال پہلے ہی ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھا اور اس خواب کو پورا کرنے کیلئے گھنٹوں پڑھائی کرتا تھا۔