روہنگیا کیمپوں میں طوفان کے بعد کی خاموشی میانمار بھیجنے کا فیصلہ ملتوی

کاکس بازار (بنگلہ دیشش) ۔ 16نومبر (سیاست ڈاٹ کام) روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں اس وقت طوفان کے بعد والی خاموشی دیکھی جارہی ہے کیونکہ انہیں میانمار واپس بھیجنے کے منصوبہ کو ملتوی کرنا کسی بڑے طوفان کے گزرنے کے مترادف ہے۔ یاد رہیکہ روہنگیاؤں کے پہلے بیاچ کو میانمار بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہوگئی تھیں لیکن ان میں سے کوئی بھی سرے سے نظر ہی نہیں آیا بلکہ یہ کہا گیا کہ وہ آس پاس کے پہاڑی علاقوں کو فرار ہوگئے ہیں اور حالات معمول پر آنے کے بعد واپس آجائیں گے۔ دریں اثناء اونچی پرانگ جو کاکس بازار سٹی کا ایک روہنگیا کیمپ ہے، کے قریب واقع چیک پوائنٹس پر جمعہ کی صبح کوئی بھی گارڈ موجود نہیں تھا جو دراصل اس بات کی علامت تھا کہ وہاں کشیدگی کم ہوگئی ہے جبکہ تقریباً 500 افراد قریب کی ایک مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے جمع ہوئے تھے۔ جمعہ کے خطبہ میں امام عبدالحکیم نے کہا کہ حکومت بنگلہ دیش میانمار کے وعدہ کے بغیر روہنگیاؤں کو وہاں نہیں بھیج سکتی۔ میانمار کو وعدہ کرنا پڑے گا کہ روہنگیاؤں کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا جائے گا بلکہ ان کے (روہنگیا) شہری حقوق بھی بحال کئے جائیں گے جس پر وہاں موجود روہنگیا مصلیوں نے ’’آمین‘‘ کہا۔