روہنگیا بحران حل کرنے اقوام متحدہ ‘ میانمار پر دباؤ ڈالے : شیخ حسینہ

ڈھاکہ 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے آج اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ وہ میانمار پر دباؤ ڈالے کہ وہ اپنے ہزاروں روہنگیائی شہریوں کو اپنے وطن واپس بلالے ۔ انہوں نے ہندوستان ‘ روس ‘ چین اور جاپان پر بھی زور دیا کہ وہ پناہ گزینوں کے بحران کو حل کرنے میں اہم رول ادا کریں۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ میانمار پر مسلسل دباؤ ڈالتی رہے تاکہ وہ اس کے اپنے شہریوں کو اپنے وطن میں واپس لے سکے ۔ شیخ حسینہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ایک ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جو روہنگیائی پناہ گزین ہیں وہ اپنے ملک واپس جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو اس میں اہم اور سرگرم رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیںکہ روس ‘ چین ‘ ہندوستان اور جاپان کو بھی اس معاملہ میں سرگرم رول ادا کرنا چاہئے تاکہ روہنگیائی بحران کو حل کیا جاسکے ۔ وزیر اعظم کے پریس سکریٹری احسان کریم نے ان کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا ۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ٹیم نے وزیر اعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی ۔ اقوام متحدہ ٹیم کی ملاقات شیخ حسینہ سے ایسے وقت میں ہوئی ہے جبکہ یہ ٹیم بنگلہ دیش کا اپنا دورہ مکمل کرکے میانمار کا دورہ کرنے والی ہے ۔ وہاں بھی یہ ٹیم ملک کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کرے گی ۔