روہت کی سنچری،ہندوستان کی ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز

ساؤتھمپٹن ۔6 جون (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز کیا اور ٹورنمنٹ کے اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دی جبکہ متواتر تین شکستوں کے بعد ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں ماند پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔افریقی بیٹسمینس ہندوستانی بولر کے سامنے انتہائی مشکلات کا شکار دکھائی دیے۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری، جب جسپرت بمرا نے ہاشم آملا کو 6 کے انفرادی اسکور پر روہت شرما کے ہاتھوں آوٹ کیا۔ جس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک بھی 11 رنز بناکر جسپرت بمرا کا شکار بنے، اس وقت جنوبی افریقہ کا مجموعی اسکور 24 تھا۔ اسپنر چہل نے تیسری اور چوتھی وکٹ یکے بعد دیگرے لی، انہوں نے ڈیر ڈوسین اورکپتان فاف ڈیوپلیسی کوکلین بولڈ کیا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 22 اور 38 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 89 رنز پر گری جب کلدیپ یادیو نے جے پی ڈومینی کو ایل بی ڈبلیو کیا۔135 رنز پر چہل نے ڈیوڈ ملر کو اپنی ہی گیند پر کیچ اوٹ کیا، انہوں نے31 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔آندلی پھلکوایو نے بیٹنگ کا فرض نبھاتے ہوئے بھرپور مزاحمت کی اور 34 رنز بناکر چہل کی گیند پر اسٹمپ ہوئے۔ 158 رنز پر7 وکٹیں گرنے کے بعد امید تھی کہ جنوبی افریقی ٹیم کی بساط جلد لپٹ جائے گی لیکن اس مرحلے پر کرس مورس اورکگیسو ربادا ڈٹ گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کروائی اور66 رنز کی شراکت قائم کر کے قدرے بہتر اسکور تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آخری اوور میں مورس42 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ اننگز کی آخری گیند پر عمران طاہر بھی پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے یزویندر چہل 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ بمرا اور بھونیشور کمار نے فی کس 2 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم ابتدا میں ہی شکھر دھون کی وکٹ سے محروم ہو گئی جبکہ کپتان فاف ڈیو پلیسی نے روہت شرما کا کیچ چھوڑکر کے بھاری غلطی کی جس کا خمیازہ انہیں بعد میں بھگتنا پڑا۔ کپتان ویراٹ کوہلی اپنی روایتی فارم میں نظر نہ آئے اور مستقل جدوجہد کرتے دکھائی دیے اور بالآخر ان کی 18رنز کی اننگز ڈی کوک کے شاندار کیچ کے نتیجے میں اختتام پذیر ہوئی۔ تاہم دوسرے سرے سے روہت شرما نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لوکیش راہول کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لئے 85 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، راہول نے ربادا کی وکٹ بننے سے قبل 26 رنز بنائے۔روہت کا ساتھ دینے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مزید 74 رنز کی ساجھے داری قائم کرکے جنوبی افریقہ کی میچ میں واپسی کے تمام دروازے بند کردیے۔ ہندوستان نے 15 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے ایونٹ میں 6 وکٹوں سے پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ روہت شرما کو 122رنز کی ناقابل شکست اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی ورلڈ کپ میں لگاتار تیسری شکست ہے جس کے ساتھ ہی اس کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔