رونالڈو البانیہ کے خلاف یوروکپ کوالیفائر میچ سے باہر

لزبن ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرتگالی سوپراسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے گذشتہ ہفتے سال کے بہترین یورپی فٹبالر کا ایوارڈ جیتا ہے لیکن اس کے بعد سے ایکشن سے باہر ہیں۔ گھٹنے کے زخم کے سبب نہ صرف وہ اسپینی کلب ریئل میڈرڈ کی جانب سے لیگ چمپیئن شپ میں ریئل سوسیڈائڈ کے خلاف میچ میں شرکت سے محروم رہے بلکہ وہ آئندہ جمعہ کو یورپین چمپیئن شپ کوالیفائنگ راونڈ میں البانیہ کے خلاف میچ میں بھی نہیں کھیل پائیں گے۔ پرتگال کے فٹبال ٹیم کے کوچ پاؤلو بینٹو نے کہا ہے کہ 29سالہ اسٹار فٹبالر جسمانی طور پر مکمل فٹ نہیں ہیں۔پاؤلو بینٹو نے کہا کہ ریئل میڈرڑ نے انھیں جس بنیاد پر میچ میں شامل کیا اس کے اختیارات میرے پاس نہیں ہیں میں صرف ٹیم کے ٹیکنیکل حصے کو دیکھ رہاہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ٹیم کے میڈیا انتظامیہ کی جانب سے جو معلومات دی گئی ہیں اس کے مطابق رونالڈو مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔