روس اور چین، امریکی ڈالر کے بجائے اپنی کرنسی استعمال کرینگے

ماسکو ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)صدر روس ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ امریکی ڈالر کے بجائے روس اور چین کی حکومتوں نے زیادہ تر تجارتی معاہدوں میں اپنی قومی کرنسی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی شہر ’وِلادی وواسٹوک‘ میں منعقد ہونے والے ’’ایسٹرن اکنامک فورم‘‘ میں اپنے چینی ہم منصب ژی جِن پِنگ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فریقین نے باہمی تجارت میں اپنی قومی کرنسیوں کا استعمال بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پوٹن کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب عالمی مارکیٹ میں خطرات موجود ہیں، اس فیصلے سے بینکوں کی ان خدمات کو استحکام حاصل ہو گا جو درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے فراہم کی جاتی ہیں۔واضح رہے کہ امریکی ڈالر کے استعمال کو کم کرنے کیلئے دونوں ممالک روس اور چین کا اپنی کرنسیوں پر انحصار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ روس اور چین کے ساتھ امریکہ کی کشیدگی اس کی ایک وجہ سمجھی جارہی ہے۔