رشوت ستانی کیسیس میں ضلع کریم نگر سرفہرست

کریم نگر۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بدعنوانیوں اور رشوت خوری میں ملوث سرکاری عہدیدار چاہے وہ کسی بھی حیثیت کے ہوں ثبوت حاصل ہوجانے پر انہیں چھوڑا نہیں جائے گا۔ کریم نگر رینج اے سی بی ڈی ایس پی تاڑلا پلی سدرشن گوڑ نے واضح الفاظ میں یہ انتباہ دیا۔ انہوں نے اپنے دفتر میں سی آئی رمنا مورتی کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان رشوت خور سرکاری ملازمین کو قانونی گرفت میں لینے پر ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ کریم نگر رینج میں جملہ 53 رشوت خوری کے واقعات میں 73 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو بدعنوان عہدیدار غریب طبقات کی بہبود کے لئے شروع کردہ ترقیاتی پروگراموں سے فائدہ پہنچانے کے بجائے انہیں پریشان کررہے ہیں۔

2003ء میں وجئے واڑہ رینج میں بہت زیادہ رشوت خوری کے مقدمات درج ہوئے تھے اسکے بعد اب دس سال کے عرصہ میں کریم نگر میں رشوت خور عہدیدار گرفتار ہوئے ہیں۔ بدعنوانی میں وجئے واڑہ دوسرے مقام پر اور حیدرآباد تیسرے مقام پر ہے۔ کریم نگر، عادل آباد ضلع میں 15گزیٹیڈ عہدیدار،4آؤٹ سورسنگ کے علاوہ 7خانگی افراد پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کریم نگر میںکئے گئے 33دھاوؤں میں 44افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 6گزیٹیڈ سطح کے عہدیدار ہیں۔ عادل آباد ضلع میں 20 دھاوے کئے گئے جس میں 29افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 9 گزیٹیڈ عہدیدار شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ واری سطح پر جائزہ لینے پر پکڑے جانے والوں کی زیادہ تر تعداد محکمہ مال کی ہے۔ضلع کریم نگر میں 15ریونیو ملازم ہیں ان میں سے 3تحصیلدار آرآئی سینئر اسسٹنٹ، جونیر اسسٹنٹ 9 وی آر اوز شامل ہیں۔ عادل آباد میں تین تحصیلدار، 7وی آر اوز، 2خانگی افراد گرفتار ہوئے۔

محکمہ پولیس سے متعلقہ عادل آباد میں ایک سی آئی، 2سب انسپکٹر، ایک ہوم گارڈ اور ایک خانگی شخص ہے۔ کریم نگر سروے لینڈ ریکارڈ میں2 افراد، اوزان و پیمانہ جات کا ایک، جیل کے دو افراد، زرعی محکمہ کا ایک، ٹرانسکو کے دو، محکمہ آبپاشی کا ایک، پنچایت راج کے4 واقعات میں 6افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تعمیر امکنہ کا ایک، پنچایت راج میں سینئر اسسٹنٹ، جونیر اسسٹنٹ ، دو سکریٹریز اور ایک بل کلکٹر کے علاوہ ایک کاروباری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم میں ایک کیس میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا اور حضور آباد میونسپل میں ایک سرکاری گودام میں ایک، رجسٹریشن دفتر میں دو دھاوے کئے گئے جن میں 4افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں ایک سب رجسٹرار اور ایک سینئر اسسٹنٹ اور دو دیگر افراد شامل تھے۔ عادل آباد کے محکمہ برقی میں ایک دھاوے میں ایک رجسٹرار دفتر میں 3، ہاوزنگ میں ایک، محکمہ تعلیم میں دو دھاوے کئے گئے اور تین افراد سیلز ٹیکس میں ایک کھادی انڈسٹریل میں دو اکسائیز میں ایک شخص کو گرفتار کیاگیا۔ 2011 میں کریم نگر رینج میں 12دھاوے کئے گئے اور سال 2012ء میں 13دھاوے کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت خوری اور بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔