راہول کے طنز پر بی جے پی کا جوابی وار

نئی دہلی،31جنوری(سیاست ڈاٹ کام)نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج یہاں مودی حکومت پر نوجوانوں کیلئے روزگار کے موقع پیداکرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ،دوسری جانب بھارتیہ جنتاپارٹی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ’’سیاسی بیروزگاری‘‘کا سامنا کرنے والے مسٹر راہول کنٹھا میں اس طرح کے بیان دیرہے ہیں۔پارلیمنٹ سے کئے گئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہاکہ ملک کیلئے روزگار پیداکرنا سب سے اہم مسئلہ ہے لیکن حکومت اس موضوع پر پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے ۔مسٹر گاندھی کے اس بیان پر بی جے پی رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان پر جوابی حملہ کیا۔اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ اس وقت مسٹر گاندھی کی سیاسی بیروزگاری بڑھ گئی ہے اسلئے انکا اس طرح کا بیان قدرتی ہے ۔انہوں نے مسٹر گاندھی کو وزیراعظم اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر جانے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جاکر انہیں پتہ چل جائیگا کہ حکومت اس سمت میں کیا کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں روزگار کی نہیں بلکہ مہارت کی کمی ہے اسلئے حکومت اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ دے رہی ہے ۔
وزیراعظم کے دفتر میں وزیرمملکت جیتیندر سنگھ نے مسٹر گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ ملک کے 125کروڑ عوام کی سوچ سے مختلف ہے ۔چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے وزیر کلراج مشر نے کہا کہ مسٹر گاندھی کی سوچ منفی ہے اس لئے انہیں ہر چیز منفی نظر آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری نوکری ہی روزگار نہیں ہے ۔