راہول نے جلسوں میں عوام سے جھوٹ بولا: جاوڈیکر

جئے پور 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے صدر کانگریس راہول گاندھی پر الزام عائد کیاکہ اُنھوں نے اپنے انتخابی جلسوں میں عوام سے جھوٹ بولا۔ اُنھوں نے کہاکہ بے بنیاد باتیں اگر پرزور آواز میں کہی جائیں تو وہ سچ نہیں ہوجاتیں۔ جاؤڈیکر کے تبصرے راہول گاندھی کی جانب سے شہر بیکانیر میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوسرے دن منظر عام پر آیا ہے۔ صدر کانگریس نے 7 ڈسمبر کو مقرر راجستھان میں انتخابات کے پیش نظر اِس جلسہ عام سے خطاب کیا تھا اور وزیراعظم نریندر مودی کو کرپشن کے سلسلے میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ رافیل سودے پر فرانس نے دستخط کرنا اور ریلائنس گروپ کے انیل امبانی کو ہندوستان کا نمائندہ مقرر کرنا کرپشن سے کم نہیں۔ اُنھوں نے اِسی طرح کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور ریلائنس گروپ نے مختلف اضلاع کے جلسوں میں عائد کردہ الزامات کی تردید کی ہے۔