رام جب چاہیں گے تبھی مندر بنے گا : یوپی نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما 

بہرائچ : مرکزی اور ریاستی حکومت وہی کام کررہی ہے جو رام بھگوان کے زمانے میں ہواتھا اس لئے جب رام چاہیں گے تبھی ان کا مندر بنے گا۔ اور جہاں تک شہروں خصوصاً فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا گیا ہے اس سے میں اتفاق رکھتا ہو ں کیونکہ ہمارے ایودھیا نام ہمارے شاستروں میں ہے اس لئے میں نے فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار اترپردیش کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے انتخابی منشور کی بابت پرعزم ہے لیکن مندر جب رام بھگوان چاہیں گے تبھی بنے گا اور بی جے پی وہی کام کررہی ہے جو رام راج میں ہوا کرتا تھا ۔ نائب وزیر اعلی دنیش شرما نے مزید کہا کہ امسال یوپی بورڈ امتحانات نقل سے پاک ہوں گے ۔ او رسفارش کرنے والے لوگوں کے اداروں کو امتحان مرکز نہیں بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹین شیڈ کے نیچے بلکہ ٹینشن سے آزاد ہوکر طلبہ و طالبات امتحانات دیں ایسے انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جن اداروں میں اساتذہ کے عہدے خالی ہیں انہیں ہر حال اس سال تک پر کرلیا جائے گا۔