راجیہ سبھا میں ایک دن میں 11 التواء کا بے مثال واقعہ

نئی دہلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کی کارروائی آج 11 مرتبہ ملتوی کی گئی جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی کیونکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انسداد دھوکہ دہی بل کیسے منظور کیا جائے ، کے مسئلہ پر باہم جھڑپ ہوگئی اور کارروائی میں بار بار خلل اندازی کی جاتی رہی جس کی وجہ سے صدرنشین نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اس صورتحال کو ’’جمہوریت کا قتل‘‘ قرار دیا۔ ایوان پہلی بار 2 بجے دن تک ملتوی کیا گیا جب صدرنشین وینکیا نائیڈو نے کہا کہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ جمہوریت کا قتل ہے ، تو اپوزیشن کے ہنگامہ میں شدت پیدا ہوگئی ۔ شوروغل کے دوران انسداد کرپشن (ترمیمی) بل 2013ء منظور کرلیا گیا ۔ نائب صدرنشین پی جے کورین نے وزیر مملکت برائے ارکان عملہ کو کہتے ہوئے سنا کہ اگر ایوان میں مباحث کیلئے کوئی رکن بھی موجود نہ ہو تو وہ یہ مسودہ قانون پیش کریں گے۔ ٹی ایم سی رکن ایس ایس رے رائے دہی کیلئے ایوان کی تقسیم پر مصر تھے، لیکن بل مباحث کے بغیر منظور کرلیا گیا۔بعدازاں کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔