راجہ بھیا نئی پارٹی بنانے کی تیاری میں

لکھنؤ،11اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے کنڈااسمبلی حلقے سے آزاد ممبر اسمبلی راگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا اپنی نئی پارٹی کی تشکیل کی تیاری میں مشغول ہیں۔راجہ بھیا بی جے پی کی موجودہ اور سماج وادی پارٹی کی گذشتہ حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ راجہ بھیا کی نئی پارٹی کا نام” جن ستا پارٹی” ہو سکتا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں وہ نئی پارٹی کے امیدوارکے طور پر انتخابی میدان میں بھی اتریں۔ آزاد اممبر اسمبلی کے ایک قریبی نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ راجہ بھیا نے نئی پارٹی کی تشکیل کے لئے الیکشن کمیشن میں عرضی داخل کر دی ہے ۔ نئی پارٹی بنانے کی خبر راجہ بھیا کے ذاتی فیس بک پیج پر بھی شرو ع ہوچکی ہے ۔ پارٹی کے نام کے لئے کمیشن کو تین نام دئیے گئے ہیں ۔ اس میں سے ایک نام جن ستا پارٹی بھی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجہ بھیا آنے والے 30نومبر کو لکھنؤ میں واقع مشرا پارک میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔ اس ریلی میں نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کیا جائے گا۔راجہ بھیا موجود ہ وقت میں ضلع پرتاپ گڑھ کے کنڈا اسمبلی حلقے سے آزاد ممبر اسمبلی ہیں اور انہیں حکمراں جماعت بی جے پی کا قریبی مانا جا تا ہے ۔ ریاست میں ٹھاکر سیاست دانوں اور رائے دہندگان کے درمیان ان کاکافی رسوخ ہے ۔